اسلام آباد : احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا ۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کی سماعت میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سات دن جبکہ مریم نواز کو ایک ماہ کے لیے استثنیٰ دے دیا ۔ وکیل خواجہ حارث نے بتایا کہ نواز شریف کو حاضری سے استثنیٰ بیس نومبر سے ستائیس نومبر تک جبکہ مریم نواز کو یوم ھٰذا سے آئندہ ماہ کی 15تاریخ تک حاضری سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔
احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو لندن جانے کی اجازت دے دی ۔ یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے آج صبح احتساب عدالت میں پیشی کے دوران حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی۔ واضح رہے کہ سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے بیگم کلثوم نواز کی کیمو تھیراپی کے لیے لندن جانا تھا جس پر ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر کے انہیں لندن جانے کی اجازت دے دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں