اسلام آباد:وفاقی وزیر ریاض پیر زادہ نے ایک مرتبہ پھر نواز شریف کی جگہ شہباز شریف کی قیادت کو ترجیح دیتے ہو ئے کہا کہ موجودہ حالات میں شہباز شریف ہی بہترین آپشن ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریاض پیر زادہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں شہباز شریف ہی بہترین آپشن ہیں،پہلے بھی کہا تھا کہ شہباز شریف عبوری طور پر معاملات کو سنبھال لیں اور ابھی بھی اس بات پر قائم ہوں ۔
انکا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلوں پر تنقید نہیں کرنی چاہیے بلکہ انصاف کی توقع رکھنی چاہیے۔معز ز جج صاحبان کے سامنے جو بھی شواہد ہیں ان پر فیصلہ کرنا انکا کام ہے۔اب وقت چلا گیا ہے جو کرنا ہے وہ عدالتوں نے کرنا ہے ۔یاد رہے ایک مرتبہ پہلے بھی ریاض پیرزادہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ کہہ چکے ہیں کہ نواز شریف کو الگ کر کے شہباز شریف کو پارٹی کی قیادت سنبھال لینی چاہیے جس پر انہیں پارٹی کی جانب سے شدید تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں