اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ون ڈے سے قبل پچ فکسنگ کی خبرپر پاکستانی فاسٹ بالرشعیب اخترکا ردعمل بھارتیوں کو ایک آنکھ نہ بھایا۔ شعیب اختر کی ٹویٹ پرتبصروں کا طوفان امڈ آیا۔پچ خراب کرنے کی خبر پراپنا موقف ظاہرکرتے ہوئے شعیب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹٹوئٹرپرلکھا کہ’’ اگر پچ فکسنگ کی خبر کوئی مذاق یا افواہ ہے تب بھی اس معاملے میں آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے کیونکہ کرکٹ پہلے ہی بہت زیادہ تباہ ہو چکی ہے‘‘۔اب بھارتی یہ کیسے برداشت کرتے کہ کوئی انہیں آئینہ دکھائے، کرکٹ شائقین فورا میدان میں آگئے۔ الٹا شعیب اختراور پاکستان کرکٹ کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا۔ کسی نے شعیب کو ٹھنڈا رہنے کا مشورہ دیا تو کسی نے بڑے پیار سے انہیں سمجھانے کی کوشش کی۔کیس نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا حوالہ دیکر کہا کہ پہلے اپنے کرکٹرز کو سکھاؤ۔ایک دل جلے نے لکھا کہ ساری فکسنگ میں تو پاکستانی اول ہیں۔شعیب کو تو بیروزگاری کا طعنہ بھی مل گیا۔ ایک صارف بولا کہ لگتا ہے کوئی کام دھندا نہیں ہے۔ان دل جلی ٹویٹس کا جواب تو پاکستانیوں نے بھی خوب دیا۔واضح رہے کہ دو روز قبل بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ون ڈے سے قبل پچ کے معاملے پر نیا تنازع کھڑا ہو گیا تھا۔ بھارتی ٹی وی رپورٹر نے اسٹنگ آپریشن کر کے پچ کے نگران (کیوریٹر) پندورنگ سلگونکارکو لالچ دیکر مرضی کی پچ تیارکرنے کیلئے کہا تھا۔ کیوریٹر نے آفر قبول کر لی تھی جس کی ویڈیو بھی سامنے آ چکی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اڑسٹھ سالہ کیوریٹر سلگونکار میچ سے قبل پچ کو پاؤں سے اکھاڑنے اور خراب کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں