کابل(این این آئی) افغانستان کے دارالحکومت میں بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب ہونے والے خود کش حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کابل میں کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر خود کش بمبار نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر چیکنگ کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق جس وقت دھماکا ہوا اس وقت اسٹیڈیم کے اندر شپاگیزا کرکٹ لیگ کا میچ جاری تھاتاہم حکام کے مطابق دھماکے میں کسی کھلاڑی یا آفیشل کو نقصان نہیں پہنچا۔افغان سیکیورٹی فورسز نے بتایا کہ اہلکار نے اپنی جان کی قربانی دے کر حملہ آور کو اسٹیڈیم کے اندر داخل ہونے سے روکا جہاں ہزاروں افراد موجود تھے۔ افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق دھماکے کے بعد میچ کچھ دیر کیلئے روک دیا گیا تھا ۔خیال رہے کہ سابق پاکستانی آل راؤنڈر عبدالرزاق بھی افغان کرکٹ لیگ میں شرکت کے لیے کابل میں موجود ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے سٹیڈیم کے باہر ہی نقصان ہوا ہے جبکہ پاکستانی کرکٹر عبدالرزاق محفوظ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں