لاہور ( این این آئی)پنجاب میں کپاس کی پہلی چنائی سے قبل ہی دنیا بھر سے برآمد کے آڈر ملنے لگے،امریکہ ،چین ، بھارت اور بنگلہ دیش کے سرمایہ کار پاکستان کی معیاری کپاس خریدنے کے لئے رابطے کررہے ہیں، پنجاب کے کئی علاقوں میں کپاس کی پہلی چنائی شروع ہوگئی ہے ، محکمہ زراعت نے کپاس کو صاف ستھرے انداز میںچننے کے لئے خواتین کو تربیت فراہم کی ہے جس وجہ سے کپاس کی چنائی کا عمل احسن انداز میں جاری ہے جس سے صاف کپاس کی قیمت بھی زیادہ ملے گی۔کپاس کو زیادہ دیر تک گودام میں نہ رکھیں کیونکہ اس سے کپاس کی کوالٹی متاثر ہو تی ہے۔سڑک کے کنا رے کپاس کے ڈھیر نہیں لگانے چاہییں اور انہیں کھلا بھی نہیں چھوڑنا چاہیے تاکہ چنی ہو ئی پھٹی مٹی اور دوسری آلائشوں سے پاک رہ سکے۔ محکمہ زراعت کے افسران کھیتوں میں پیسٹ سکاؤٹنگ کرنے کے لئے کپاس کی فصلوں کا معائنہ کررہے ہیں اور جہاں بھی شکایت مل رہی ہے وہاں فوری ایکشن لیا جارہا ہے ،کپاس کو صرف سوتی کپڑے کے بو روں میں رکھیں اور سلائی کے لیے بھی سو تی ڈور استعمال کریں ۔ یادرہے پٹ سن کے بورے، پٹ سن کے سیبے اور پولی پر اپلین کے بو روں کا استعمال قانوناََ جرم اور قابلِ دست اندازی پولیس ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں