لاہور(این این آئی)آزادی کپ کا میلہ سجنے سے قبل شاہینوں کا لہو گرمانے کے لئے سرفراز الیون اور عماد الیون کے درمیان پریکٹس میچ کا انعقاد کیا گیا۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے پریکٹس میچ میں عماد الیون نے سرفراز الیون کو 7 رنز سے شکست دی۔ عماد الیون نے پریکٹس میچ میں سرفراز احمد کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتےہوئے مقررہ 20 اوورز میں 151 رنز بنائے جس کے جواب میں سرفراز الیون کی ٹیم 143 پر ڈھیر ہوگئی۔سرفراز الیون کی جانب سے شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کی اور 77 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ سرفراز احمد24 رنز بناسکے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل آزادی کپ کا پہلا میچ 12 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔مہمان ورلڈ الیون کے کھلاڑی 11 ستمبر کو لاہور پہنچیں گے تاہم اس سے قبل تمام کھلاڑی دبئی میں جمع ہو کر پریکٹس کیمپ میں پریکٹس کر رہے ہیں۔دوسری جانب پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان میچ دیکھنے کے لئے شائقین کا جنون عروج پر ہے اور پہلے میچ کے 500 اور 2500 میں دستیاب تمام ٹکٹ ختم ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں