اسلام آباد (این این آئی)وزیر داخلہ احسن اقبال نے مذہبی جماعتوں کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ہونے والے مظالم کے خلاف ریلی کے شرکاسے پر امن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکجہتی کی ریلی کو پرتشدد بنانے کا برما کے مسلمانوں کو فائدہ نہیں الٹا ہمیں نقصان ہوگا۔وزیر داخلہ احسن اقبال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ برما کے مسلمانوں سے یکجہتی قومی فرض ہے ٗ وزیر داخلہ احسن اقبال نے احتجاجی ریلی کو پرامن رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ زون کا احترام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ریڈ زون میں ہنگامہ آرائی کا نقصان پاکستان کے بین الاقوامی امیج کو پہنچتا ہے ٗسفارتی انکلیو کی حفاظت ہمارا قومی فرض ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ یکجہتی کی ریلی کو پرتشدد بنانے کا برما کے مسلمانوں کو فائدہ نہیں الٹا ہمیں نقصان ہو گا۔دوسری جانب برما میں مسلمانوں پر مظالم کے خلاف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے احتجاج کے باعث اسلام آباد کے ریڈ زون کو سیل کرنے کیلئے کنٹینرز لگا دئیے گئے۔ پولیس کے مطابق ڈپلومیٹک انکلیو کی سیکورٹی کیلئے ساڑھے سات ہزار اہلکار تعینات ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں