اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) یوم دفاع پاکستان کے دن سابق آرمی چیف جنرل(ر)راحیل شریف کی اپنے بھائی میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کے مزار پر حاضری، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ تفصیلات کے مطابق یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ملک بھر میںتقاریب اور جنگ ستمبر کے شہدا کی یادگاروں پر فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے۔ 1971 میں جام شہادت نوش کرکے نشانِ حیدر پانے والے میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر بھی خصوصی تقریب ہوئی جس میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ راحیل شریف نے شہید کے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ، اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی دی۔ اس کے علاوہ میجر شبیر شریف شہید کے بیٹے تیمور اور خاندان کے دیگر افراد نے بھی شہید کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔واضح رہے کہ میجر شبیر شریف شہید سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کے بڑے بھائی تھے، انہوں نے 1971 کی جنگ میں بھارت کے خلاف جنگ میں دشمن کے چھکے چھڑا دیے اور جام شہادت نوش کیا، جس پر انہیں سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں