اسلام آباد: 1965 اور 1971 کی جنگوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے جنگی ہیرو ائیرمارشل انعام الحق انتقال کرگئے ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق 1965 اور 1971 کی جنگوں میں پاک فضائیہ کی نمائندگی کرنے والے ائیرمارشل انعام الحق راولپنڈی میں انتقال کرگئے ہیں ان کی عمر 90 برس تھی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان نے قومی ہیرو کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
جنگی ہیرو ائیرمارشل انعام الحق خان مئی 1927 میں ہندوستان کے شہر پٹیالہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1965 اور 1971 کی جنگوں میں نمایاں خدمات انجام دیں اور انہیں ستارہ امتیاز ملٹری، ہلال امتیاز ملٹری اور ہلال جرات سے بھی نوازا گیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیرمارشل انعام الحق کی نماز جنازہ کل پی اے ایف بیس نور خان میں فوج اعزاز کے ساتھ ادا کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں