اسلام آباد (آن لائن) پاکستان نے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی فورسز کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی اور لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ سے شہری کی ہلاکت پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے ۔ دفتر خارجہ سے منگل کو جاری بیان کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو پاکستانی دفتر خارجہ طلب کیا گیاجہاں اسے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا احتجاجی مراسلے میں موقف اپنایا گیا ہے کہ کنٹرول لائن پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اور شہری کی ہلاکت کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول ہے لہذا اس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائے جبکہ بھارت اپنی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی روکنے اور سیز فائر معاہدے کا احترام ممکن بنائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں