لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی چینل اےآر وائی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزرا خواجہ آصف، احسن اقبال اور اسحٰق ڈار کی نااہلی کے لیے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر کی جانے والی درخواست میں کہا گیا کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر داخلہ احسن اقبال اور وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے اقامے منظر عام پر آ چکے ہیں جبکہ تینوں وزرا نے ان اقاموں کا ذکر اپنےکاغذات نامزدگی میں نہیں کیا۔درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کوبھی اقامہ کے متعلق حقائق چھپانے پر سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا۔ الیکشن کمیشن نے اقاموں سے متعلق جانتے ہوئے بھی ابھی تک تینوں وزرا کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔مذکورہ درخواست میں کہا گیا کہ اقامے چھپانے کی وجہ سے تینوں وزرا آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے اس لیے تینوں وزرا کو نااہل قرار دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں