اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی چینل نیو کے مطابق نوازشریف کی مری سے اسلام آباد آمد کے دوران سیکیورٹی کے ناقص انتظامات نے کئی سوال پیدا کردیے ۔نوازشریف کار سے باہر نکلے تو ایک شخص کا ہاتھ نواز شریف کے گردن تک جاپہنچا، یہ ہاتھ کس کا تھا، ایجنسیوں نے تلاش شروع کردی۔سابق وزیر اعظم اور کروڑوں ووٹ حاصل کرنےوالےلیڈر کو سیکیورٹی حکام نے اکیلے کیوں چھوڑا، کیا لاہور جاتے ہوئے بھی سیکیورٹی کی صورت حال ایسی ہی ہو گی، واقعے نے سوال اٹھا دیا۔ہفتے کو سابق وزیراعظم نواز شریف مری سے اسلام آباد آ رہے تھے کہ بھارہ کہو کے مقام پر عوام ان کے استقبال کے لیے امڈ آئے۔اس استقبال کے مناظر پر میاں نواز شریف کے حامی خوش تو بہت ہوں گے لیکن بعض مناظر ایسے ہیں جن پر انہی کے مداحوں اور خیرخواہوں کو تشویش ہونی چاہیے۔نواز شریف اپنے مداحوں کو دیکھ کر گاڑی سے نہ صرف گاڑی سے باہر نکل آئے بلکہ مداحوں میں سے کچھ ان کے اتنے قریب آ گئے کہ انہیں نواز شریف کو چھونے کا موقع بھی مل گیا، پاکستان جیسے ملک میں یہ مناظر بہت تشویش ناک ہیں۔ایک سابق وزیراعظم ہونے کی حیثیت سے نواز شریف سیکیورٹی کے حق دار ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ انہیں خود اور ان کے مداحوں کو بھی ان کی سیکیورٹی کا خاص خیال رکھنا ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں