اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) شریف خاندان کی سیاسی قسمت کا فیصلہ کرنے والے پاناما پیپرز کیس کے اختتام کی آخری گھڑیوں میں وزیراعظم نواز شریف نے اپنے قریبی ساتھیوں اور اہم وزراء سے غیر رسمی مشاورت کی۔وزیراعظم نواز شریف جمعرات (27 جولائی) کی شام 4 بجے مالدیپ کا دورہ مکمل کرکے نور خان ایئربیس پہنچے جہاں ان کے بھائی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔ایک قومی اخبار کے ذرائع کے مطابق وطن واپسی پر وزیراعظم نواز شریف کوچوہدری نثار علی خان کی پریس کانفرنس کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔بعد ازاں سپریم کورٹ کی ضمنی کاز لسٹ کےاجراء کے بعد وزیراعظم نے پاناما کیس کے متوقع فیصلے کے حوالے سے اپنے قریبی ساتھیوں اور قانونی ٹیم کے ارکان سے مشاورت کی۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے قریبی ساتھیوں اور وزرا سے کہا ہے کہ وہ آج پاناما پیپرز کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد بھی ایک اجلاس کریں گے جس میں فیصلے کے بعد کارروائی کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں