اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اوگرا کے ساتھ مذاکرات میں اہم پیشرفت، آئل ٹینکر ایسوسی ایشن ہڑتال ختم کرنے پر آمادہ ۔ تفصیلات کے مطابق اورگرا اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے جس میں آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ آئل ٹینکر ایسوسی ایشن نے گاڑیوں کی فٹنس بارے اوگرا کی ہدایت پر عمل درآمد کییقین دہانی کرائی ہے جبکہ اوگرا کی رولز 2009میں ترمیم پر 15دن میں کام شروع ہونے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔حکوممت نے آئل ٹینکرز کے کرایوں کی شرح بڑھانے پررضا مندی ظاہرکردی ہے۔ فریقین 15 روز میں تمام مسائل کا حل نکالنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔اس حوالے سے ہڑتال ختم ہونے کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی کال پر ہڑتال تیسرے روز میں داخل ہو چکی تھی اور گزشتہ روز اوگرا اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات ناکامی کا شکار ہو گئے تھے ۔واضح رہے کہ آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث ملک بھر میں پٹرول کی قلت پیدا ہوگئی تھی۔آئل ٹینکرز مالکان نے سانحہ احمد پور شرقیہ جیسے واقعات روکنے کیلئے حفاظتی انتظامات اختیار کرنے سے انکار کر دیا تھا اور اسی وجہ سے حکومت اور آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے مذاکرات بھی ناکام ہوگئے تھے۔مذاکرات کے دوران آئل ٹینکرز مالکان انسانی زندگی کو بچانے کے لئے حفاظتی اقدامات ماننے کو تیار نہیں ہوئے ٗانہوں نے غیر معیاری ٹینکرز سے تیل کی سپلائی جاری رکھنے پر اصرار کیا جبکہ اوگرا نے ٹینکرز مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیکنے سے صاف انکار کردیا ترجمان کا کہناتھاکہ ٹینکرز مافیا بلیک میل کررہی ہے ہم بلیک میل ہوں گے اور نہ ہی کسی کو انسانی زندگی سے کھیلنے کی اجازت دیں گے ۔ترجمان عمران غزنوی نے کہا کہ آئل ٹینکرز والے آئیں ہمارے ساتھ بیٹھیں بات کریں ٗ ان سے مذاکرات کو تیار ہیں،لیکن وہ بلیک میلنگ کرنا چاہتے ہیں، آئل ٹینکرزایسوسی ایشن سے درخواست کرتے ہیں لوگوں کی زندگیوں سے نہ کھیلیں ۔ اوگرا ترجمان نے کہا کہ آئل ٹینکرز کی ہڑتال کے پیچھے آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ہو سکتی ہیں،ان کے ہاتھ کو جلد بے نقاب کریں گےاوگرا ترجمان کا کہناتھاکہ آج تک قوانین کے حوالے سے کوئی شکایت سامنے نہیں آئی ٗ انسپکشن ٹیمیں بھیجیں تو سب کو یاد آگیا کہ قوانین پر عمل نہیں ہورہا ، خدا کیلے آئل ٹینکرز مالکان انسانی زندگیوں سے نہ کھیلیں ۔آئل ٹینکرز ایسوسی ایشنز کا کہنا تھاکہ آئل ٹینکر کے لئے اوگرا کے معیار پر فوری طور پر عمل درآمد ممکن نہیں ۔ دوسری جانب آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کےچیرمین یوسف شاہوانی کا کہنا تھا کہ اوگرا کی پالیسیاں غلط ہیں اور ہم اوگرا کا قانون نہیں مانتے، اب اوگرا سوتا ہوا جاگ گیا موٹروے پر ہماری گاڑیوں کے بلاوجہ چالان کئے جارہے ہیں اور ایکسل بڑھانیکا بھی کہا جارہا ہے ہم نئے سسٹم پر نہیں چل سکتے وزارت پیٹرولیم کو پرانا سسٹم ہی بحال کرنا ہوگا۔ یوسف شاہوانی نے کہا کہ ہم پر لوگوں کی ہلاکتوں کا الزام لگایا جارہا ہےجبکہ احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر کو آگ ہم نے نہیں لوگوں نے لگائی جس کی وجہ سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، ہمارے جو بھی مطالبات ہیں انہیں مانا جائے اور اگر ایسا نہ ہوا دما دم مست قلندر جاری رہے گا۔تاہم اب آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے گاڑیوں کی فٹنس کی یقین دہانی کروائی ہے جبکہ اوگرا کی جانب سے رولز میں ترمیم کی بھی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں