لاہور( این این آئی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مشرف لیگ سے آنے والے40 ایم این اے جلد فیصلہ کریں گے، مسلم لیگ (ن) میں واضح تین گروپ بن سکتے ہیں، خواجہ آصف اور سردار ایاز صادق وزیر اعظم ہو سکتے ہیں ، حدیبیہ پیپر کیس کھل گیا تو یہ پانامہ سے بھی بڑا کیس ہوگا جس میں شہباز شریف فیملی کا بھی ٹرائل ہوگا ۔پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پارٹی رہنما امجد گولڈن کیعیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف خاندان اپنی کرپشن کے باعث انجام کو

ضرور پہنچے گا اور اس میں اب زیادہ وقت نہیں،جلد جاتی امرء بھی ہندو پراپرٹی نکلے گی۔انہوں نے کہا کہ فیصلے کی رات بیٹھ کر قوم کوخوشخبری دیں گے ،اب حقیقی معنوں میں احتساب کا دور شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چودھری نثار سے جان بوجھ کر کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، میری دانست کے مطابق چوہدری نثار پارٹی کو نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ یقین سے کہتا ہوں عمران خان کے خلاف کچھ نہیں ہوگا،حکمران خاندان بوکھلاہٹ میں بے بنیاد پراپیگنڈا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا ہر فیصلہ مانیں گے اور جو واویلا کر رہے ہیں انہیں بھی فیصلے کو ماننے کا اعلان کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے فیصلہ کرلیا ہے نیا وزیر اعظم لانا ہے،نوازشریف کسی جونیئر کے ساتھ کام نہیں کریں گے،خواجہ آصف اور سردار وزیر اعظم ہو سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں